کاروار:14/ستمبر (ایس اؤنیوز)قومی شاہراہ کو فورلین میں منتقلی کا کام بارش میں کمی ہوتے ہی تیز رفتاری سے دوبارہ شروع ہوگیا ہے۔ لیکن اب بھی کچھ مقامات پر مقامی عوام ، ٹھیکدار کمپنی اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے درمیان بائی پاس، فلائی اوور ، انڈرپاس اور چوڑائی کو لے کر رسہ کشی جاری ہے۔ کاروار کے کوڑی باگ سے گزرنے والی قومی شاہراہ 66کےقریب انڈر پاس کے تعمیر کی مانگ لے کر مقامی مکینوں نے شاہراہ پر بیٹھ کر احتجاج درج کیا۔
مکینوں کا کہنا تھا کہ کوڑی باگ جیسے گنجا ن آبادی والے رہائشی علاقے سے گزرنے والی قومی شاہ راہ کو فورلین میں منتقلی کا کام جاری ہے۔ علاقے میں کئی اسکول ہیں ،جس کی وجہ سے ہر روز بچوں کو اسکول جانے کے لئے قومی شاہراہ سے گزرنا پڑتاہے ، جب کہ ہائی وے پر سواریاں اکثر تیز رفتار ہوتی ہیں، بچے آخر بچے ہوتے ہیں والدین وسرپرستوں کو ہمیشہ نگاہ رکھنا ممکن نہیں ہے ، بچوں کی حفاظت کے مدنظر قومی شاہراہ پر انڈر پاس تعمیر کریں گے تو علاقے کے عوام ، بچوں اور بوڑھوں کو کافی سہولت ہونے کی بات کہی ۔ اسی موقع پر مکینوں نے انڈر پاس تعمیر نہیں کئے جانے پر آئندہ دنوں میں بڑے احتجاج کی دھمکی دی ہے۔
